سوال
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
ہم سب نے ایک کام کا آغاز کیا ہے جس میں آپ کی مدد کی ضرورت ہے ہم چاہتے ہیں کہ رمضان المبارک میں عید سے پہلے ہم سب مل کر (نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو 50 لاكھ درود کا تحفہ پیش کرے ہم نے آغاز کر دیا ہے
آپ بھی 3 بار درود شریف پڑھ کر باقی دوستوں کو send کریں اس میسیج کو اتنا پہلا دے کہ یہ 30 رمضان تک forwad ہوتا رہے اور دنیا کہ ہر ایک مسلمان تک پہنچے، مہربانی کرکے روکنا مت اپنا فرض ادا کیجئے گا ۔
اس طرح کی پوشٹ بھیجنا کیسا ہے برائے کرم تسلی بخش جواب دے
سائل: محمد بن مولوی سعید صاحب ہردیواسنہ (گجرات / پالنپور)
الجواب وباللہ التوفیق
باسمہ سبحانہ وتعالی
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک پڑھنے کی فضیلت بے انتہا ہے یہاں تک کہ اس کا حکم قرآن کریم میں بھی دیا گیا ہے، سورہ احزاب میں اللہ تعالیٰ نے صلوٰۃ کی نسبت اولاًاپنی طرف فرمائی ہے، اس کے بعداپنی نورانی مخلوق فرشتوں کی طرف، پھر اہلِ ایمان کو حکم فرمایاکہ اے مؤمنو! تم بھی درود بھیجو، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{إِنَّ اللّٰهَ وَمَلَائِکَتَه یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّ یَٰأَیُّهَا الَّذِیْنَ أٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا}
ترجمہ : بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے رحمت بھیجتے ہیں ان پیغمبر پر،اے ایمان والو تم بھی آپ پر رحمت بھیجا کرو اور خوب سلام بھیجا کرو ۔(بیان القرآن)
لہذا درود شریف، کا میسج بنیت ثواب کسی کو بھیجنے میں کوئی قباحت نہیں ہے، لیکن ہر کس وناکس کے پاس اس کا بھیجنا لازم نہیں جس شخص کو یہ میسیجز بھیجے جائیں، اس کے احوال کی رعایت رکھنا لازم ہے، اور موقع و محل کی رعایت ضروری ہے بےدین اور بے طلب لوگوں کے پاس بھیجنے سے اس کی ناقدری ہوتی ہے۔
البتہ درود شریف میں چونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نامی بھی ذکر ہوتا ہے، اس وجہ سے درود شریف کا میسج دیکھ کر ایک بار درود شریف پڑھ لینا بہتر ہے، لیکن ان میسجز کو آگے بھیجنا لازم اور ضروری نہیں ہے، اور نہ ہی ان میسجز کو آگے نہ بھیجنے پر کوئی گناہ لازم آئے گا، اسی طرح میسجز آگے نہ بھیجنا، اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی کمی کی دلیل بھی نہیں ہے۔
مسؤلہ صورت میں اس جملے سے (مہربانی کرکے روکنا مت اپنا فرض ادا کیجئے گا) لزومیت کا ثبوت مترشح ہوتا ہے جو درست نہیں ہے البتہ اس طرح کے جملہ استعمال کرسکتے ہیں کہ جس میں لزومیت کا معنی نہ پایا جاتا ہو جیسے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 50 لاكھ درود کا تحفہ پیش کرنے میں ہماری مدد کریں اور اس کو آگے فاروڈ کریں اور ثواب دارین حاصل کریں یا اس طرح کا کوئی ور جملہ استعمال کریں۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب۔
العارض مفتی آصف گودھروی
خادم مدرسہ ابن عباس گودھرا
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں